محمد تسکین
بانہال// بانہال کے چملواس علاقے سے تعلق رکھنے والے بجلی صارفین نے محکمہ بجلی سب ڈویژن بانہال کے ملازمین پر اضافی بجلی بلیں ارسال کرنے کا الزام لگایا ہے اور اس حوالے سے بجلی صارفین نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔مقامی سماجی کارکن محسن خان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بجلی سب ڈویژن بانہال کے چملواس علاقے میں بجلی کے بلوں میں اچانک اضافے کے خلاف صارفین میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بجلی میٹر لگائے گئے ہیں اور بجلی کی کم کھپت کے باوجود بھاری بجلی بلیں بھیجی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے ملازمین میٹر ریڈنگ سے لیکر بجلی بلیں تیار کرنے تک لوگوں کو دو دو ہاتھ لوٹنے پر تْلے ہوئے ہیں اور غریب صارفین کی کوئی سننے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چملواس کے کرالچی ہال ، زنچوس ، چکناڑواہ کے علاقوں میں ساڑھے تین سو سے پانچ سو روپئے کی ماہانہ بجلی بلیں آنے کے خلاف لوگوں میں محکمہ بجلی کے خلاف غم وغصہ پایا جا رہا ہے اور لوگوں نے اس کے خلاف احتجاج کی صورت میں اپنی آواز بھی بلند کی ہے۔ انہوں نے اضافی بجلی بلوں کے بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور اس حرکت میں ملوث محکمہ بجلی کے ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔