مینڈھر ہسپتال کیلئے سرکلر روڈ تعمیر کرنے کی مانگ

مینڈھر //مینڈھر قصبہ کے رہائشی لوگوں نے جموں و کشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال کو سرکلر روڈ کی کیساتھ جوڑا جائے تاکہ مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں پریشانیوں کا سامنا نہ کرناپڑے ۔انہوں نے کہاکہ ایمرجنسی اوقات میں ہسپتال جانے والی سڑک پر اکثر جام جیسی صورتحال بن جاتی ہے جس کی وجہ سے مریضوں اور زخمیوں کی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال تین تحصیلوں کے مریضوں کیلئے علاقہ میں واحد ایک بڑا ہسپتال ہے تاہم ہسپتال گنجان آبادی میں ہونے کیساتھ ساتھ صرف ایک سڑک سے منسلک ہے جبکہ کسی بھی ایمر جنسی کے وقت سڑک پر جام جیسی صورتحال بن جاتی ہے جو کہ مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں ایک بڑی رکائوٹ بن جاتی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال کو ایک سرکلر روڈ کیساتھ جوڑا جائے تاکہ مریضوں کی منتقلی میں دقتیں پیش نہ آئیں ۔