جاوید اقبال
مینڈھر// قصبہ مینڈھر میں پانی کی سپلائی منقطع ہونے کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کے درمیان جل شکتی محکمہ نے فوری راحتی اقدام کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانا شروع کر دی ہے۔ محکمہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر پانی کے ٹینکر روانہ کئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو پانی کی قلت سے نجات دلائی جا سکے۔محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (اے ای ای) کی نگرانی میں پانی کے ٹینکروں کے ذریعے مختلف محلوں میں صاف پینے کا پانی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق پانی کی فراہمی کا یہ سلسلہ اس وقت مزید تیز کر دیا گیا ہے کیونکہ ماہِ مقدس رمضان المبارک کے دوران پانی کی ضرورت میں اضافہ ہو جاتا ہے اور روزہ داروں کو سحری و افطاری کے اوقات میں پانی کی دستیابی نہایت اہم ہوتی ہے۔
محکمہ کے ذمہ داران نے بتایا کہ سپلائی لائن میں تکنیکی خرابی کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی، جسے بحال کرنے کیلئے مرمتی کام بھی جاری ہے۔ اس دوران عارضی طور پر ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پانی کی شدید قلت کے اس مشکل وقت میں انتظامیہ کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم قابلِ تحسین ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران پانی کی دستیابی ان کیلئے بڑی راحت ثابت ہو رہی ہے۔عوام نے امید ظاہر کی کہ محکمہ جلد از جلد سپلائی نظام کو مکمل طور پر بحال کرے گا تاکہ مستقبل میں اس طرح کی مشکلات سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب محکمہ جل شکتی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پانی کی مستقل بحالی تک ٹینکروں کے ذریعے فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور شہریوں کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔