جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر میں پہلی مرتبہ پولیس کی جانب سے عوام کے ساتھ لوہڑی کا تہوار عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر بس اڈہ مینڈھر میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سب ڈویژنل پولیس آفیسر مینڈھر سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی، جبکہ بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی اس خوشی کے موقع پر موجود رہے۔تقریب کا بنیادی مقصد پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دینا اور باہمی بھائی چارے کا پیغام دینا تھا۔ اس موقع پر لوہڑی کی روایتی آگ روشن کی گئی اور تہوار سے وابستہ رسم و رواج کو خوش اسلوبی کے ساتھ ادا کیا گیا۔ پولیس افسران اور عوام نے ایک دوسرے کو تہوار کی مبارکباد دی اور خوشیوں کا اظہار کیا۔اس تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ اس میں نہ صرف ہندو برادری بلکہ مقامی مسلمانوں نے بھی بھرپور شرکت کی، جس سے علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی احترام کی شاندار مثال قائم ہوئی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات سے سماج میں آپسی اعتماد بڑھتا ہے اور مختلف طبقوں کے درمیان فاصلے کم ہوتے ہیں۔ایس ڈی پی او مینڈھر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کے لئے ہے اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہواروں کو مل جل کر منانا امن، بھائی چارے اور یکجہتی کی علامت ہے، جو کسی بھی معاشرے کی مضبوط بنیاد بنتی ہے۔تقریب میں پولیس انتظامیہ کے علاوہ پی ڈی پی لیڈر وسیم احمد خان، سابقہ بی ڈی سی ممبر امان اللہ چوہدری، سنجیو کمار فینسی، راجیو گپتا صدر مہاجن سبھا مینڈھر، وکاس سینی، جاوید اقبال آرگنائزر بیوپار منڈل مینڈھر، رومیش کمار بالی جنرل سیکریٹری انجنی نندن ہنومان مندر مینڈھر سمیت کئی معزز شہریوں نے شرکت کی۔