جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر کے آڑی سڑہوتی گاؤں میں جمعہ کی شام موسلا دھار بارش کے بعد اچانک آنے والے سیلاب نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ پہاڑی علاقوں سے پانی کا ایک بڑا ریلا آبادی میں داخل ہو گیا، جس کے نتیجے میں کئی مکانات اور زرعی اراضی متاثر ہوئی، جبکہ ریسکیو آپریشن کے دوران کم از کم 25 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں شدید بارش کے دوران اچانک پہاڑی سے پانی کا ایک بڑا بہاؤ نیچے آیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی آبادی میں داخل ہو گیا۔ سیلابی پانی نے متعدد زرعی کھیتوں، گھاس کے میدانوں اور رہائشی مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا کہ علاقے میں بادل پھٹنے (کلاؤڈ برسٹ) کے باعث فلیش فلڈ کی صورتحال پیدا ہوئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ سب ڈویژنل پولیس آفیسر مینڈھر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس، امدادی ٹیموں اور قریبی دیہات کے رضاکاروں کی مدد سے فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں 25 افراد کو محفوظ طریقے سے سیلاب زدہ علاقے سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ان کے مطابق مقامی لوگوں کے تعاون نے بھی ریسکیو کارروائی کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔دریں اثنا، سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر نے بتایا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ اس قدرتی آفت میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم املاک، زرعی زمین، گھاس کے میدانوں اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ایس ڈی ایم نے کہا کہ انتظامیہ نے فوری طور پر متعلقہ محکموں کے فیلڈ عملے کو متاثرہ علاقوں کا سروے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ زرعی اراضی، فصلوں، رہائشی مکانات اور دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصان کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سروے رپورٹ کی بنیاد پر متاثرین کو سرکاری قواعد و ضوابط کے مطابق ممکنہ امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ شدید بارش کے دوران پہاڑی سے بڑی مقدار میں پانی نیچے آیا، جس نے راستے میں آنے والی ہر چیز کو متاثر کیا اور علاقے میں تباہی مچا دی۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ادھر محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ بھی بارشوں کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔