جاوید اقبال
مینڈھر//کابینہ وزیر جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امور جاوید احمد رانا نے منگل کے روز سب ڈویژن مینڈھر میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے حکومتِ عمر عبداللہ کے ترقیاتی وژن کو دہراتے ہوئے معیاری انفراسٹرکچر، پائیدار ترقی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خصوصی زور دیا۔میٹنگ کے آغاز میں مختلف ترقیاتی شعبہ جات اور اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جن میں نابارڈ، منریگا، پی ایم جی ایس وائی، جے پی ڈی سی ایل، جل شکتی، سڑکیں، پل، سیاحت، جنگلات، باغبانی اور دیہی ترقیاتی محکمے شامل تھے۔ وزیر نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبے نہ صرف تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں بلکہ انہیں مضبوط، دیرپا اور ماحول دوست اصولوں کے مطابق بنایا جائے تاکہ عوام کو طویل مدتی فائدہ حاصل ہو سکے۔
اجلاس میں ضلع ترقیاتی کمشنر اشوک شرما، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں گل سید، چیف انجینئر آئی اینڈ ایف سی منوج گپتا، چیف انجینئر جل شکتی حنیف چودھری، چیف انجینئر جے پی ڈی سی ایل ارشد حسین ریشی اور روی کانت سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔پی ایم جی ایس وائی اور نابارڈ کے تحت سڑک منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں میں حائل تمام رکاوٹوں کی فوری نشاندہی کر کے ان کا حل نکالا جائے۔ انہوں نے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے، ڈھلوانوں کے استحکام اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا تاکہ سڑکیں ہر موسم میں قابل استعمال رہیں۔سماجی بہبود کے حوالے سے وزیر نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک مزدور فلاحی اسکیموں کے فوائد پہنچانے کے لیے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے پانی کے تحفظ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو مربوط حکمت عملی اپنانے کی ہدایت دی۔اجلاس میں عوامی تقسیم کاری نظام (پی ڈی ایس) کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں وزیر نے معیار اور شفافیت برقرار رکھنے کے لیے سخت نگرانی اور اچانک معائنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوامی مفاد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔روزگار کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے انہوں نے جاب فیئرز کو مزید مؤثر بنانے اور مشن یووا میں عوامی نمائندوں کی شمولیت بڑھانے کی ہدایت دی تاکہ نوجوانوں کو بہتر اور پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔