جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھرمیں انتظامیہ کی جانب سے عوامی صحت کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب کیلئے ایک اہم کارروائی انجام دی گئی۔ نائب تحصیلدار مینڈھر کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم نے قصبہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں قائم میڈیکل دوکانوں کی اچانک چیکنگ کی،اس ٹیم کے ہمراہ ایس ایچ او مینڈھر حبیب پٹھان اور محکمہ صحت سے وابستہ ڈاکٹر عمران ظفر بھی موجود تھے۔ حکام نے مختلف میڈیکل سٹورز کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور وہاں موجود ادویات، لائسنس، ریکارڈ اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران کئی دوکانداروں کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
چیکنگ کے دوران حکام نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ تمام دوائیں حکومت کی طے شدہ گائیڈ لائنز کے مطابق فروخت کی جائیں اور کسی بھی صورت میں نشہ آور یا ممنوعہ ادویات بغیر اجازت فروخت نہ کی جائیں۔ دوکانداروں کو خبردار کیا گیا کہ وہ اپنے کاروبار میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور مریضوں کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا کھلواڑ نہ کریں۔نائب تحصیلدار نے واضح الفاظ میں کہا کہ عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی دوکاندار قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانہ، لائسنس منسوخی اور دیگر قانونی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔
پونچھ میں میڈیکل سٹورز کی نگرانی
صحت ِ عامہ کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدام
صحت ِ عامہ کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدام
محتشم احتشام
پونچھ//عوامی صحت کے تحفظ اور ادویات کی فروخت میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایس ایچ او پونچھ نے شہر کے مختلف میڈیکل اسٹورز کا تفصیلی اور اچانک معائنہ کیا۔ یہ اقدام نہ صرف انتظامی چوکسی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ صحتِ عامہ سے وابستہ معاملات میں قانون کی بالادستی کو بھی واضح کرتا ہے۔معائنے کے دوران ایس ایچ او نے میڈیکل شاپس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور دکانداروں کو ہدایت دی کہ نگرانی کے یہ آلات ہمہ وقت فعال رکھے جائیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سیکورٹی کے یہ اقدامات نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔ایس ایچ او نے کمپیوٹرائزڈ بلنگ سسٹم کے نفاذ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ فروخت کا مکمل اور درست ریکارڈ رکھنا نہ صرف کاروباری شفافیت کو فروغ دیتا ہے بلکہ کسی بھی ممکنہ بے ضابطگی کی روک تھام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی صورت میں بغیر مستند ڈاکٹر کے نسخے کے ادویات فروخت نہ کی جائیں، کیونکہ یہ عمل نہ صرف قانونی تقاضوں کے منافی ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی سنگین خطرات کا موجب بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادویات کی غیر ذمہ دارانہ فروخت معاشرتی سطح پر ناقابلِ تلافی نقصانات کا باعث بن سکتی ہے۔ایس ایچ او نے خبردار کیا کہ حکومتی ہدایات اور قانونی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانے، لائسنس کی معطلی اور دکانوں کی بندش شامل ہو سکتی ہے۔شہری حلقوں نے اس بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے ادویات کی فروخت کے نظام میں بہتری آئے گی اور عوام کو محفوظ و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔
منڈی میں پولیس اور سیول انتظامیہ کا میڈیکل دوکانوں کا معائنہ
عشرت حسین بٹ
منڈی// بدھ کو ضلع پونچھ کے صدر مقام منڈی میں سیول اور پولیس انتظامیہ نے ایس ایچ او منڈی نیکو رام ٹھاکر اور نایب تحصیلدار منڈی محمد حنیف کی قیادت میں میڈیکل دوکانوں کا معاینہ کیا اس دوران آفسران نے میڈیکل دوکانوں پر فروخت ہونے والی ادویا کا معاینہ کیا اس دوران انہوں نےH1ریکارڈ اور ادویا دوکانوں کو چلانے کے سلسلے میں سی سی ٹی وی مریضوں کو دئے جانے والے آن لائن کمپیوٹر بیلنگ کے علاوہ سرکار کی جانب سے ممنو ادویا کے حوالے سے سختی سے معاینہ کیا گیا اس موقہ پر زراع ابلاغ کے نمایندوں سے بات کرتے ہویے ایس ایچ او نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ادویا کی دوکانوں کا معاینہ اس مقصد سے کیا گیا تاکہ مریضوں کو دی جانے والی ادویا تمام سرکاری لوازمات کے تحت فروخت کی جاری ہیں کہ نہیں انہوں نے کہا کہ منڈی میں تمام تر چیزیں بہتر پایں گیں ان کا کہنا تھا کہ اس موقہ پر دوکانداروں کو سختی سے ہدایات دی گیں کہ وہ مریضوں کو محکمہ ڈرگز کی جانب سے دی گیں ہدایات کے مطابق اور ڈاکٹروں کی لکھی ہوئی پرچیوں پر ہی ادویا فروخت کریں ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کا مقصد ہے کہ سماج میں پھیل رہی منشیات سے نوجوانوں کو دور رکھا جائے تاکہ نوجوانوں کا مستقل تابناک ہو۔