جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبے کے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ پنچایتی انتخابات سے قبل قصبے کو میونسپلٹی کا درجہ دیا جائے۔ عوام کا کہنا ہے کہ مینڈھر خطہ پیر پنجال کا واحد بڑا قصبہ ہے جہاں میونسپلٹی کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا، جس کی وجہ سے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔قصبے کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ میونسپلٹی نہ ہونے کے باعث علاقے میں صفائی ستھرائی کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں ہے۔ کوڑے کرکٹ کی بروقت نکاسی نہ ہونے سے گلی کوچے گندگی کا شکار ہو رہے ہیں، جبکہ نکاسی آب کا کوئی معقول انتظام نہ ہونے کے باعث بارشوں کے دوران پانی دوکانوں اور گھروں میں داخل ہو جاتا ہے، جس سے تاجروں اور مقامی افراد کو شدید نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مینڈھر کی بڑھتی آبادی اور شہری ضروریات کے پیش نظر قصبے کو فوری طور پر میونسپلٹی کا درجہ دیا جانا چاہیے۔ مقامی تاجروں اور مکینوں نے انتظامیہ اور حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے پر جلد غور کریں اور عوام کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے قصبے کو میونسپلٹی کا درجہ دینے کے لئے اقدامات کریں تاکہ بنیادی سہولیات بہتر ہو سکیں اور قصبے کی ترقی ممکن ہو۔