یو این آئی
کینساس سٹی (امریکہ)/اسٹار فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی کی تاریخی ہیٹرک کی بدولت موجودہ چیمپئن ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنی مہم کا آغاز الجیریا پر 3-0 سے شاندار جیت کے ساتھ کیا۔ میسی نے اپنی پہلی ورلڈ کپ ہیٹرک لگا کر جرمنی کے میروسلاو کلوز کے 16 گولوں کے کل وقتی ریکارڈ کی برابری کر لی۔ایرو ہیڈ اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے مقابلے میں میسی نے میچ میں پہلا گول کر کے ارجنٹینا کو برتری دلائی، پھر دوسرے ہاف میں دو اور گول داغ کر میچ پر اپنا دبدبہ بنا لیا۔ اسی کے ساتھ اپنا 200 واں بین الاقوامی میچ کھیل رہے میسی نے اسے اپنے تین گولوں کے ساتھ یادگار بنا دیا۔
ان کے ورلڈ کپ گولوں کی تعداد 16 تک پہنچ گئی اور انہوں نے جرمنی کے عظیم اسٹرائیکر میروسلاو کلوز کے سب سے زیادہ ورلڈ کپ گول کے ریکارڈ کی برابری بھی کر لی۔میسی کے بین الاقوامی کیریر کی یہ 11 ویں ہیٹرک تھی، لیکن ورلڈ کپ میں ان کی یہ پہلی ہیٹرک تھی۔ اب وہ ٹورنامنٹ میں ایک میچ میں تین گول کرنے والے سب سے عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔ دوسرے ہاف کے آخر میں میدان سے لوٹ رہے میسی کی ارجنٹینا کے حامیوں نے زوردار تالیوں سے حوصلہ افزائی کی۔ارجنٹینا نے پورے میچ میں گیند پر کنٹرول بنائے رکھا، جبکہ الجیریا میسی اور ان کی ٹیم کے حملے کے سامنے بے بس نظر آیا۔ اس جیت کے ساتھ ارجنٹینا نے گروپ-جے میں تین اہم پوائنٹس حاصل کر لیے ۔