یواین آئی
بیونس آئرس/فیفا کے عالمی چیمپئن ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے ایک بار پھر فیفا ورلڈکپ 2026 میں ممکنہ شرکت کے حوالے سے غیر واضح موقف اختیار کیا ہے ۔ تجربہ کار اسٹار نے کہا کہ وہ کھیلنے کے خواہش مند ضرور ہیں، مگر ابھی فیصلہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔ایک تازہ انٹرویو میں 38 سالہ لیونل میسی نے اعتراف کیا کہ ان کا ارادہ ورلڈکپ 2026 کا حصہ بننے کا ہے ، لیکن وہ اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے کہ وہ میدان میں اتریں گے ۔ میسی نے کہا:”امید ہے کہ میں وہاں ہوں۔ بدترین صورت میں بھی، اگر نہ کھیل سکا تو میچز دیکھنے ضرور آؤں گا، کیونکہ یہ لمحہ بہت خاص ہوگا۔”انہوں نے واضح کیا کہ حتمی فیصلہ ان کی جسمانی فٹنس اور فارم پر منحصر ہوگا۔ اگر وہ خود کو اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے قابل پائیں گے تو ورلڈکپ میں شرکت کے لیے تیار ہوں گے ، ورنہ کوئی جلد بازی نہیں کریں گے ۔میسی نے اپنی قومی ٹیم کی موجودہ کارکردگی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ٹیم میں نئے ٹیلنٹ کی شمولیت ارجنٹینا کے مستقبل کو مزید روشن بناتی ہے ۔دوسری جانب ارجنٹینا کے کوچ لیونل اسکالونی نے کہا کہ میسی جو بھی فیصلہ کریں گے ، ٹیم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ اسکالونی کے مطابق جب تک میسی خود باقاعدہ اعلان نہیں کرتے ، ان کی 2026 ورلڈکپ میں شمولیت کو “غیر یقینی” ہی سمجھا جائے گا۔