جاوید اقبال
مینڈھر// ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے منگل کے روز اپنے دورہ مینڈھر کے دوران سابق ممبر قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) مرحوم اخلاق خان کے گھر جا کر ان کے انتقال پر اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اخلاق خان کی وفات خطہ پیر پنجال کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ممبر پارلیمنٹ نے مرحوم کے لواحقین سے ملاقات کے دوران گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اخلاق خان ایک شفیق، اصول پسند اور عوام دوست رہنما تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کو ترجیح دی اور بلا تفریق عوام کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی خطے کی فلاح و بہبود، عوامی حقوق کے تحفظ اور سماجی ہم آہنگی کیلئے وقف کر رکھی تھی، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس موقع پر میاں الطاف احمد نے مرحوم کے اہل خانہ کو صبر و استقامت کی تلقین کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و توفیق دے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر ممکن تعاون کیلئے دستیاب رہیں گے۔تعزیت کے موقع پر مقامی سیاسی و سماجی شخصیات، عمائدین علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے مرحوم اخلاق خان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں ایک مدبر، بردبار اور مخلص عوامی نمائندہ قرار دیا، جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کی مؤثر انداز میں نمائندگی کی۔بعد ازاں ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی، جہاں عوام نے انہیں درپیش مختلف سماجی اور بنیادی مسائل سے آگاہ کیا۔ میاں الطاف احمد نے عوامی مسائل کو بغور سنا اور یقین دلایا کہ ان مسائل کو متعلقہ محکموں اور اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھا کر ان کے حل کیلئے سنجیدہ اور مؤثر کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی اصل ذمہ داری عوام کے ساتھ جڑے رہنا اور ان کے مسائل کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھانا ہے، جس کیلئے وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔