شاہ نواز
ریاسی// ضلع ریاسی کے سب ڈویژن مہور میں برسوں سے خستہ حال سڑک کے مسئلہ پر جمعرات کو عوام کا غصہ پھوٹ پڑا۔ مہور مارکیٹ کی خراب حالت کے خلاف مقامی لوگوں، تاجروں اور ڈرائیوروں نے مشترکہ طور پر گریف اور مہور انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں دن بھر بازار مکمل طور پر بند رہا اور چکہ جام کی صورتحال بنی رہی۔ اس دوران سینکڑوں گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں جبکہ ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہور مارکیٹ کی مرکزی سڑک گزشتہ تین برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے، لیکن بارہا شکایات اور احتجاج کے باوجود نہ تو گریف اور نہ ہی مہور انتظامیہ نے اس مسئلہ کا مستقل حل نکالا۔ مظاہرین کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران متعدد مرتبہ یقین دہانیاں کرائی گئیں اور ٹائم فریم بھی مقرر ہوئے، مگر ہر بار یہ وعدے محض کاغذی ثابت ہوئے۔عوام کا مطالبہ تھا کہ ڈاک بنگلہ مہور سے ٹی سی پی مہور تک، جو مہور مارکیٹ کا اہم حصہ ہے، اس سڑک کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ لوگوں کو روزمرہ کی شدید مشکلات سے نجات مل سکے۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ خراب سڑک کے باعث نہ صرف کاروبار متاثر ہو رہا ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی ہر وقت منڈلا رہا ہے۔احتجاج کے دوران سب سے پہلے تحصیلدار مہور جاوید اقبال موقع پر پہنچے اور بعد ازاں ایس ڈی ایم مہور شفقت مجید بٹ نے مظاہرین سے بات کی۔ دونوں افسران نے لوگوں کو یقین دلایا کہ مسئلہ کو جلد حل کیا جائے گا اور احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی، تاہم عوام نے ان یقین دہانیوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے احتجاج جاری رکھا۔ اس دوران مہور انتظامیہ کو بھی شدید عوامی غصے کا سامنا کرنا پڑا۔صورتحال اس وقت قابو میں آئی جب شام تقریباً چار بجے او سی 110 آر سی سی بدھل مہور پہنچے اور مظاہرین سے تفصیلی گفت و شنید کی۔ او سی نے عوام کو یقین دلایا کہ مہور مارکیٹ کی سڑک کو بہتر بنانے کا کام جمعہ سے ہی شروع کر دیا جائے گا جبکہ مارکیٹ میں سلیپ ڈالنے کا کام آنے والے مارچ کے مہینے میں مکمل کیا جائے گا۔او سی گریف کی ان واضح یقین دہانیوں کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی اور بازار دوبارہ کھل گیا۔ مقامی لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس بار انتظامیہ اپنے وعدوں پر عمل کرے گی اور مہور مارکیٹ کی سڑک کو جلد از جلد بہتر بنا کر عوام کو برسوں پرانی اس اذیت سے نجات دلائے گی۔