سمت بھارگو
راجوری//شدید برف باری کے باعث مہور–گول بین الاضلاعی سڑک پر ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو گئی تھی، جہاں کئی مقامات پر برف کی تہہ چار سے پانچ فٹ تک جا پہنچی۔ یہ سڑک بی آر او کے زیر نگرانی بدھل۔مہور۔گول روڈ کا حصہ ہے اور راجوری، ریاسی اور رامبن اضلاع کو آپس میں جوڑنے والی ایک اہم اسٹریٹجک شاہراہ مانی جاتی ہے۔حکام کے مطابق خراب موسمی حالات نے نہ صرف عام آمد و رفت کو متاثر کیا بلکہ دفاعی افواج، مقامی آبادی اور ضروری خدمات کی نقل و حرکت کے لئے بھی مشکلات پیدا کر دیں۔ سڑک کی بندش کے باعث کئی علاقے عارضی طور پر کٹ کر رہ گئے تھے۔صورتحال کے پیش نظر بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) نے پروجیکٹ سمپرک کے تحت ہنگامی بنیادوں پر برف ہٹانے کی مہم شروع کی۔ دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور مسلسل بدلتے موسمی حالات کے باوجود 31 بارڈر روڈز ٹاسک فورس کی ٹیموں نے دن رات کام جاری رکھا۔ذرائع کے مطابق ابتدائی 36 گھنٹوں کے دوران تقریباً 38 کلومیٹر سڑک سے برف ہٹا کر اسے قابلِ استعمال بنانے کی کوشش کی گئی، جبکہ باقی ماندہ تقریباً 20 کلومیٹر حصے پر صفائی کا کام تاحال جاری ہے۔برف باری کا نیا سلسلہ، سڑک پر دوبارہ جماؤ (ریفریزنگ) اور حدِ نظر میں کمی جیسے مسائل کام کی رفتار کو متاثر کر رہے ہیں، تاہم بی آر او کی ٹیمیں مسلسل مشینری اور عملے کی مدد سے بحالی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ بی آر او کی بروقت کارروائیوں کی بدولت علاقے کو طویل مدت تک تنہائی کا شکار ہونے سے بچایا جا سکا اور ہنگامی ضروریات کے لئے رسائی ممکن بنائی گئی۔ تنظیم کا عملہ سخت ترین موسمی حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔بی آر او نے عزم ظاہر کیا ہے کہ موسم کی اجازت ملتے ہی باقی ماندہ حصے کو بھی جلد از جلد کھول دیا جائے گا۔