نئی دہلی // وزارت خزانہ اور محکمہ پرسنل اینڈ ٹریننگ کی قومی کونسل برائے مشترکہ مشاورتی مشینری کے عہدیداروں کا اجلاس 26 جون 2021 کو ہونے جارہا ہے جس میں اس بات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مرکزی ملازمین کے واجب الادا مہنگائی الائو نس کی 3قسطیں واگزار کرنے کے بارے میں حتمی فیصلہ لیا جائیگا۔ جس کے بعد جولائی کی تنخواہ میں مہنگائی الاؤنس کا اضافہ کرکے ادائیگی کی جائے گی۔مرکزی سرکاری ملازمین کے مہنگائی الاؤنس کی ادائیگی جنوری 2020 کے بعد سے بند کردی گئی ہے۔ملازمین کے حق میں کل تین اقساط ادا کرنی ہیں۔ ان تینوں قسطوں کی رقم بیک وقت دی جاسکتی ہے۔جنوری 2020میں 4فیصد، جولائی 2020میں 3فیصد اور جنوری 2021میں پھر 4فیصد مہنگائی بھتہ دیا جائیگا۔یوں جولائی میں مرکزی حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوگا اور اسی کے ساتھ ہی پچھلے 18 مہینوں سے رکے ہوئے ڈی اے کی بھی ادائیگی کی جائے گی۔ اس کے بعد ملازمین کا مہنگائی الاؤنس بڑھ کر 28 فیصد ہوجائے گا جو فی الحال 17 فیصد ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ، جون 2021 کے لئے مہنگائی الاؤنس کی قسط واگزار کرنے میں قدرے تاخیر ہوگی۔ لیکن ، اس میں بھی 4 فیصد اضافے کی توقع ہے اور اکتوبر تک اس کی ادائیگی بھی کی جاسکتی ہے۔ اُس وقت مہنگائی الاؤنس کل 32 فیصد ہوجائے گا۔ملازم یونینیں مطالبہ کررہی ہیں کہ انہیں گذشتہ 18 ماہ سے ڈی اے کے بقایا ادائیگی بھی دی جائے۔