مکی آرتھر نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی پچ پر اعتراض اٹھایا

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی پچ پر اعتراض اٹھادیا۔ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ پروٹیز بیٹسمینوں نے پاکستانی اٹیک کا اچھے انداز میں سامنا کیا،فاف ڈوپلیسی نے شاندار اننگز کھیلی، بہرحال پچ کا رویہ بہت تبدیل ہوا، میرے خیال میں یہ ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کے مطابق نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ میچ کے چوتھے روز پچ اسپنرز کیلئے سازگار ہونے کی امید پر یاسر شاہ کو شامل کیا، دوسرے روز کے آخری سیشن میں انہیں تھوڑی مدد بھی ملی، موجودہ صورتحال میں نہیں لگتا کہ لیگ اسپنر کو چوتھی اننگز میں بولنگ کا موقع ملے گا۔ہیڈکوچ نے کہا کہ ہوم کنڈیشنز میں جنوبی افریقہ کا اٹیک بہترین ہے لیکن ہم اچھی بیٹنگ بھی نہیں کر سکے،شارٹ گیندوں پر تکنیک بہتر کرنے کیلیے سخت محنت بھی کی تھی لیکن مثبت نتائج سامنے نہیں آئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سنچورین ٹیسٹ کی بانسبت اظہر علی کا اس بار سلپ میں کیچ 100فیصد یقینی نہیں تھا۔