جموں//شیعہ برادری کی سرکردہ شخصیات نے مکہ مسجدبٹھنڈی میں مجلس افطارمیں شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ شام شیعہ برادری کی سرکردہ شخصیات جن میں انجمن امامیہ کے جنرل سیکریٹری پروفیسرشجاعت علی خان،آفاق کاظمی نائب صدرانجمن امامیہ وامجدعلی شاہ ودیگرحضرات نے امام جامع مسجدامامیہ پیرمٹھا کی قیادت میں مجلس افطارمیں شرکت کی اورنمازمغرب مکہ مسجدکے امام مفتی عبدالحکیم کی اقتدامیں ادا کی ۔اس موقعہ پراظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ اسلام اتفاق اوراتحاد کی تعلیم دیتاہے ۔قرآن مقدس میں اللہ پاک نے یہ حکم فرمایاہے کہ اللہ کی رسی کومضبوطی سے پکڑواورآپسی بھائی چارہ میں تفریق نہ ڈالو ،ہم نے کوشش کرنی ہے کہ ہم اُمت واحدہ کے طورپراپنے آپ کوپیش کریں اوریہ کوئی مشکل معاملہ نہیں ہے اس لیے کہ ہمارانبی ؐ ایک ہماراکلمہ ایک ہماراقبلہ ایک اورہماری مقدس کتاب ایک اورروزہ وزکوٰ ۃ کے مسائل ایک لہذاجب اسلام کے بنیادی پانچ ارکان میں یکسانیت ہے توہم میں تفریق ہونے کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا۔ انھوں نے عالم اسلام کودرپیش مسائل کے حوالہ سے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاہونے کے لئے کہااوراس بات کی یقین دہانی کروائی کہ اس کوشش کے لیے انھیں شیعہ برادری کابھرپورتعاون حاصل رہے گا۔ امام مکہ مسجدمفتی عبدالحکیم نے شیعہ برادری کے زعماء وعلماء کی شرکت کے لئے ان کاشکریہ ادا کیااوراسے ایک تاریخی پہل قراردیا۔انھوں نے مزیدکہاکہ ہماری صفوں میں اتحادہماری بقاء کیلئے شرط اول ہے ۔ہم اس پہل میں شیعہ برادری کے شانہ بشانہ رہیں گے۔آخرمیں انتظامیہ کمیٹی مکہ مسجد نے بھی شیعہ برادری کاشکریہ اداکیا۔