کپوارہ//شمالی کشمیر کے سر حدی ضلع کپوارہ میں حد متارکہ پر واقع مژھل سیکٹر میں تازہ دراندازی کے دوران فوج اور جنگجوئوں کے درمیان جھڑپ میں 3 جنگجو جا ں بحق ہوئے، علاقہ میں تلاشی کارروائی جاری ہے ۔فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مژھل سیکٹر کے سردراری ناڑ کے قریب منگل کی رات دیرگئے بھاری ہتھیار سے لیس جنگجوئو ں کے ایک گروپ نے رات کی تاریکی کا فائد اٹھا کرسرحد عبور کی تاہم۔ وہا ں تعینات 56آرآر کے جوانو ں نے جب جنگجوئو ں کے گروپ کو مشکوک حالت میں دیکھا تو انہیں ہتھیار ڈالنے کی پیش کش کی گئی ۔فوج کے مطابق جنگجوئو ں نے فوج کی پیش کش کو ٹھکرایا اور فائرنگ کی جس کے جواب میں فوج نے بھی جوابی کارروائی کی ۔طرفین کے درمیان شدید گولی باری کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس میں پہلے ایک جنگجو کی ہلاکت ہوئی تاہم اسکے دو ساتھی گھنے جنگل کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوئے تاہم فوج نے انکے بھاگنے کے راستے پہلے ہی سیل کئے تھے جس کے بعد ایک جگہ انہیں محاصرہ میں لیا گیا جہاں طرفین کے مابین ایک بار پھر فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں دونوں جنگجو مارے گئے۔ایس ایس پی کپوارہ شمشیر حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ جہا ں پر واقعہ پیش آ یا یہ مژھل سے کافی دور ہے اور ابھی تک ایک جنگجو جا ں بحق ہونے کی پولیس کو اطلاع ملی تاہم علاقہ کی ناکہ بندی کی گئی اورتلاشی کارروائی جاری ہے ۔البتہ سرینگر میں موجود دفاعی ترجمان میجر کالیا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تین جنگجو مارے گئے ہیں اور ان سے تین رائفلیں بر آمد کی گئی ہیں۔