عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بھارت کی معروف ٹیلی کمیونی کیشن خدمات فراہم کرنے والی کمپنی بھارتی ائرٹیل نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جموں و کشمیر میں کشتواڑ اور اننت ناگ کو جوڑنے والے دور افتادہ علاقے مڑواہ تک اپنے نیٹ ورک کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ اس اہم پیش رفت کے ساتھ ایئرٹیل اس اسٹریٹجک اور دشوار گزار خطے میں قابل اعتماد موبائل کنیکٹیویٹی فراہم کرنے والی پہلی اور واحد کمپنی بن گئی ہے۔
مڑواہ ایک ایسا علاقہ ہے جو دشوار گزار پہاڑی جغرافیہ اور محدود موسمی سڑکوں کے باعث زیادہ تر وقت دنیا سے کٹا رہتا ہے۔ کشتواڑ اور اننت ناگ تک رسائی رکھنے والا یہ علاقہ سردیوں میں شدید برفباری کے سبب مکمل طور پر منقطع ہو جاتا ہے۔ ایسے حالات میں مقامی باشندوں کو ضروری سامان کی فراہمی، روزگار یا ہنگامی صورتحال میں اکثر خچروں یا پیدل سفر کا سہارا لینا پڑتا ہے، جبکہ ٹیلی کمیونی کیشن سہولت نہ ہونے کے باعث تقریبا 150 کلومیٹر طویل راہداری رابطے سے محروم تھی۔ایئرٹیل کی جانب سے اس علاقے میں تیز رفتار موبائل نیٹ ورک کی تنصیب ایک بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، جس سے مقامی باشندوں، سیکورٹی فورسز اور سیاحوں کو ملک کے انتہائی مشکل جغرافیائی علاقوں میں بھی بلا رکاوٹ رابطہ میسر آئے گا۔