بانہال // گورنمنٹ مڈل سکول گڑگانی ، سناسر زون بٹوت میں اساتذہ کی کمی کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور محکمہ تعلیم کے خلاف نعرے بلند کئے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ دو کمروں پر مشتمل مڈل سکول میں چھ اسامیوں کے مقابلے صرف تین ٹیچر تعینات ہیں اور ایک سو سے زائد بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے ۔ سابقہ سرپنچ بودھ راج کی قیادت میں احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ مڈل سکول گڑگائی، سناسر میں چھ اساتذہ کی اسامیوں کے مقابلے میں ٹیچر تعینات ہیں جبکہ سکول سے تین اساتذہ کو کسی دوسرے سکول میں بنا ٹرانسفر کے ہی یہاں سے بھیج دیا ہے جس کی وجہ سے سکول میں 120 غریب طلبہ اور طالبات کی روزمرہ کی تعلیمی سرگرمیاں بری طرح سے متاثر ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول کے صرف تین کمرے ہیں جن میں سے صرف دو کمروں میں بچوں کو پڑھایا جاتا ہے جبکہ ایک کمرے میں سکول کا سامان پڑھا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ کلاسوں کیلئے دو کمرے بچوں کیلئے بڑی ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2012 میں سروا شکھشا ابھیان کے تحت سکول کی بلڈنگ کاکام شروع کیا گیا تھا مگر اب تک کام مکمل نہ ہو سکا ہے کیونکہ ابھی سکول عمارت کی رقم واگذار نہیں کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا اس کام کا پیسہ ایڈوانس ہوتا ہے مگر ابھی تک رقم نہ ملنے کی وجہ سے کام ٹھپ ہے اور بچوں کی پڑھائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور جن مزدوروں نے کام کیا ہے وہ بھی ا پنی اجرتیں نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ اس سلسلے میں کوشش کے باوجود بھی زونل ایجوکیشن افسر بٹوٹ سے بات نہ ہوسکی ۔