مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے پسماندہ گائوں کیری کانگڑھ میں قائم کر دہ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ ڈھائی ماہ سے مکمل بند پڑی ہوئی ہے جبکہ محکمہ کی جانب سے سکیم کی بحالی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ آفیسران و ملازمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات میں پانی کی شدید قلت ہونے کے باوجود مشینری کی مرمت ہی نہیں کروائی جارہی ہے جبکہ لوگوں کی مشکلات میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ دیہات میں چلائی جارہی سکیموں کو فعال بنانے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لے رہا ہے جبکہ کیری کانگڑھ واٹر سپلائی سکیم میں نصب کر دہ موٹر 1برس تک کھلے عام پڑی رہی جبکہ وہ نصب کرنے کیساتھ ہی خراب ہو گئی تھی جبکہ محکمہ نے مرمت کیلئے منتقل کر دیا تھا لیکن اس کے بعد کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ زنگ آلودہ موٹر نصب کئے جانے کے بعد آزمائشی طورپر چلائی تھی تاہم اسی دوران وہ جل کر خراب ہو گئی تھی جبکہ محکمہ نے موٹر کو مرمت کیلئے منتقل کیا تھا لیکن ڈھائی ماہ بعد بھی اس کو واپس نہیں لایا جاسکاجس کی وجہ سے وسیع دیہات کی 2ہزار سے زائد کی آبادی پانی کی شدید قلت کا سامنا کررہی ہے ۔غور طلب ہے کہ مقامی لوگوں کو در پیش پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے مذکورہ سکیم کی تعمیر 9برسوں تک چلتی رہی لیکن اس لمبے انتظار کے بعد بھی عوام کو معیاری سہولیات فراہم ہی نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیلئے جلدازجلد مشینری کی مرمت کر کے دوبارہ سے نصب کیا جائے تاکہ ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔