عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق اتوار کو وادی کشمیر کے کچھ حصوں میں تازہ برفباری ہوئی جبکہ کئی میدانی علاقوں میں بارش ہوئی ۔عہدیداروں نے بتایا کہ اننت ناگ ضلع کے پہلگام اور کولگام ضلع کے قاضی گنڈ علاقے کے اونچے علاقوں میں برف باری جبکہ جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ سری نگر شہر میں بھی صبح سویرے ہلکی بارش ہوئی۔ہفتہ کی رات سری نگر شہر میں کم از کم درجہ حرارت 2 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا۔ گلمرگ منفی 7 ڈگری سیلسیس کے ساتھ جموں و کشمیر کا سب سے سرد ترین مقام تھا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 2-3 فروری کو کئی جگہوں پر بکھرے ہوئے علاقوں میں ہلکی بارش اور اونچی جگہوں پر برفباری کا امکان ہے۔ادھر فورسز کی نقل و حرکت کے لیے پہلگام-چندن واڑی روڑ پر برف ہٹانا کا آغاز کیا گیا ہے۔بارڈر روڈز آرگنائزیشن نے 17 کلومیٹر طویل پہلگام-چندنواڑی پٹی کو بھاری برف سے صاف کرنے کا آپریشن شروع کیا ہے۔اسکا مقصد امرناتھ گھپاکی حفاظت کے لیے مختلف مقامات پر تعینات سکیورٹی فورسز کے لیے بلاتعطل رابطے کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران شدید برف باری ہوئی ہے، راستے میں چار سے آٹھ فٹ تک برف جمع ہے۔اہلکار نے کہا کہ برفانی تودے گرنے کے مسلسل خطرے اور انتہائی نامساعد موسمی حالات کے باوجود، بی آر او نے سڑک کو کھلا رکھنے اور اہم مواصلاتی رابطوں کو برقرار رکھنے کے لیے اہلکاروں اور بھاری مشینری دونوں کو کام میں لگا دیا ہے۔
کرگل میں کئی ٹرک ڈرائیور درماندہ
غلام نبی رینہ
کنگن//حالیہ برف باری کے بعدکرگل میںکئی ٹرک ڈرائیور گاڑیوں سمیت درماندہ ہیں۔درماندہ ٹرک ڈرائیوروں نے بتایا کہ وہ 22 جنوری سے درماندہ ہیں جس کی وجہ سے انہیں شدید سردی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ سنیچروار کے روز کرگل سے سرینگر کی طرف چھوٹی گاڈیوں کے ساتھ ساتھ کچھ بڑی گاڈیوں کو سرینگر کی طرف چھوڈ دیا گیا لیکن ہماری گاڈیوں میں زنجیئرکے باوجود بھی انہیں نہیں چھوڑا گیا ۔درماندہ ڈرائیوروں کا یہ بھی کہناہے کہ ان کے پاس کھانے پینے کا جو خوراک تھا وہ بھی ختم ہوچکا ہے اور گاڈیوں میں گرمی کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کئی طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ آنہوں نے ضلع انتظامیہ کرگل اور گاندربل سے مطالبہ کیا کہ انہیںسرینگر کی طرف روانہ ہونے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔