ڈوڈہ//ٹنل کے آر پار برفباری اور بارشوں کے بعد اگر چہ رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا گیا تھا، تاہم اب ایک مرتبہ پھر رات کے دوران سردی کی لہر میں مزید شدت پیدا ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کے دوران ریاست کے سرمائی علاقوں میں سردی میں ایک بار پھر اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ گزشتہ شب کے دوران جموں شہر میںکم سے کم درجہ حرارت 6.5، کٹرہ میں7.0،بانہال میں0.5 جبکہ بھدرواہ میں1.3ڈگری سیلشیس رہامحکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں آئندہ دو روز کے دوران مطلع مجموعی طور ابر آلود رہنے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں دن کے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ تازہ مغربی ہوائوں کے نتیجے میں پوری ریاست میں ہلکی بارشوں کا بھی قوی امکان ہے اور یہ صورتحال جمعہ کی صبح تک جاری رہے گی۔ادھر وادی کشمیر اور لداخ میں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے ، گزشتہ رات گرمائی دارالحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت صفرڈگری سیلشیس رہا ۔اس شب کے دوران لداخ کا لیہہ علاقہ منفی10.8ڈگری کم سے کم درجہ حرارت کے ساتھ سرد ترین علاقہ رہا جبکہ کرگل میں رات کا درجہ حرارت10ڈگری سیلشیس درج کیا گیا۔ جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.2، قاضی گنڈ میں منفی3.3،کوکر ناگ میں منفی3.9اورشمالی کشمیر کے گلمرگ میں منفی9.4 جبکہ کپوارہ میں منفی0.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔