درجہ حرارت معمول سے نیچے ،مزید بارشوںکا امکان،احتیاط برتنے کا مشورہ
عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر //شدید گرمی کی تپش کے بیچ وادی میں موسمی بدلائو کے ساتھ ہی بارشوں سے درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے جس کے نتیجے میں گرمی کی شدید لہر سے لوگوں کو راحت نصیب ہوئی تاہم رات کا درجہ حرارت مسلسل اوپر درج کیا جا رہا ہے ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے آئند 36گھنٹوں تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ شدید گرمی کی لہر سے اہلیان وادی کو راحت نصیب ہوئی کیونکہ شہر سرینگر سمیت وادی کے شمال و جنوب میں بارشیں ہوئی ۔ سنیچروار کے بعد دوپہر سے ہی ابر آلود موسم کے ساتھ درمیانی رات کو موسلاد ار بارشیں ہوئی ۔با رشوں کے بعد درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے جس کے نتیجے میں گرمی کی شدید لہر سے لوگوں کو راحت نصیب ہوئی ۔وادی کے کچھ حصوں میں بارشیں ہوئی جس سے جہاں شبانہ درجہ حرارت معمول سے اوپر ہی ریکارڈ کیا گیا تاہم دن کی گرمی میںبھی کافی کمی آئی ۔وادی میں بارشوں اور بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے ا سکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وادی کشمیر اور جموں کے بیشتر حصوں میں موسلادار بارشیں ہوئی جس کے بعد دن کے ساتھ ساتھ رات کے درجہ حرارت میں بھی کمی آئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابقگزشتہ 24گھنٹوں میں یونین ٹیریٹری میں کئی مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی، جن میں پہلگام سب سے آگے رہا جہاں 42.6ملی میٹر بارش ہوئی۔ چندن واری (اننت ناگ) میں 38.5ملی میٹر، گلمرگ میں 11.8ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ سرینگر میں بھی بارش ہوئی۔ درجہ حرارت کے لحاظ سے کشمیر ڈویژن میں دن کا درجہ حرارت 3سے 4ڈگری سیلسیس اوپر رہا، جبکہ جموں ڈویژن میں کئی مقامات پر 5 ڈگری تک کم ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.6اور جموں شہر میں 34.4ڈگری رہا۔ رات کے وقت کشمیر میں درجہ حرارت معمول سے 1سے2 ڈگری اوپر رہا، جبکہ جموں میں قریب قریب معمول کے مطابق رہا۔ گلمرگ کشمیر کا سب سے سرد مقام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت 11ریکارڈ ہوا، جبکہ بھدرواہ جموں ڈویژن میں 17.4کے ساتھ سب سے سرد رہا۔ پیر کے لیے پیش گوئی ہے کہ سرینگر میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور درجہ حرارت 30زیادہ سے زیادہ اور 19کم سے کم رہنے کا امکان ہے۔ جموں میں عام طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جہاں درجہ حرارت 34زیادہ سے زیادہ اور 23کم سے کم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج یعنی 13جولائی تک جموں کے بہت سے مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ ساتھ عام طور پر ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں خطہ کے کچھ مقامات پر خاص طور پر دیر رات اور صبح کے اوقات میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ندیوں، ندیوں اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بالائی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں میں پانی کا بہا ئو بڑھ جاتا ہے جس سے سیلابی ریلے آنے کے خطرات رہتے ہیں لہذا لوگوں سے تاکید ہے کہ وہ تیز بہا ئو والے ندی نالوں کے نزدیک جانے سے احتیاط کریں۔انہوں نے کہا کہ چند خطرناک مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھراؤ کے ساتھ سیلاب کا امکان ہے۔
سونہ مرگ میں بھی بادل پھٹے
غلام نبی رینہ
کنگن/ / تیز بارش اور بادل پھٹنے کی وجہ سے سونہ مرگ کے لشہ پتھری نالہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگیا جس کے نتیجے میں وہاں پر خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ۔سونہ مرگ سے تقریبا تین کلو میٹر کی دوری پر واقع لشہ پتھری نالہ میں موسلادھار بارش اور بادل پھٹنے کے نتیجے میں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ لشہ پتھری علاقہ میں چند گیسٹ ہائوس قائم ہیں۔ ایک گیسٹ ہائوس کے منیجر محمد امین نے بتایا کہ سنیچروار کو رات دس بجے کے قریب تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے بعد اوپری پہاڑی سے بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں لشہ پتھری نالہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ نالہ پر انہوں نے گیسٹ ہاوس تک جانے کے لئے ایک عارضی پل تعمیر کیا تھا جوملبے تلے دب گیا ۔محمد امین نے بتایا کہ ان کےگیسٹ ہائوس میں سیلانی موجود تھے اور پل ملبے تلے دب جانے سے سیلانیوں کی گاڑی اور سیلانی دوسرے روز بھی گیسٹ ہائوس میں پھس گئے ہیں تاہم اس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ لشہ پتھری سڑک کو قابل آمدورفت بنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں تاکہ سیلانی اپنے گھروں کی طرف روانہ ہوسکیں ۔