نئی دہلی//کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کہا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستانی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ۔چدمبرم نے یہاں کانگریس کے 84 ویں عمومی اجلاس میں معاشی قراردادپیش کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت وعدوں کی حکومت ہے ۔حکومت نے چار سال میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ متحدہ ترقی پسند اتحاد کے دور اقتدار میں ہندوستانی معیشت بہت زیادہ ترقی کر رہی تھی لیکن مودی حکومت کی پالیسیوں، بدانتظامی اور غلط اقدامات سے معاشی نظام درہم برہم ہو گیاہے ۔مودی حکومت نے عالمی معیشت کی سست روی اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے حاصل ہونے والا موقعہ کھو دیا ہے ۔ اس موقعہ کا استعمال ہندوستانی معیشت کی ترقی کے لئے کیا جا سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے ۔ ہندوستانی معیشت نا سمجھ اور نا اہل لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جس کی وجہ سے یہ ترقی کی راہ سے بھٹک گئی ہے ۔ انہوں نے زراعت کی حالت، برآمد میں کمی، سماجی شعبہ کو نظر انداز کرنے اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر تشویش ظاہر کی ۔یو این آئی-