بھدرواہ //بین ریاستی بھدرواہ چمبہ سڑک ، جس کا ابھی تک با ضابطہ افتتاح بھی نہیں کیا ہے ، پر مواصلاتی کمپنی کی جانب سے اوپٹیکل فائبر کیبل بچھائے جانے کے دوران ہونے والے نقصانات کے پیش نظر کیبل بچھانے کا کام کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس معاملہ میں قصور وار پائے جانے والے افسران پر ذمہ داری عائد کرنے اور نجی مواصلاتی کمپنی کو جرمانہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ روزنامہ گریٹر کشمیر میں شائع کی خبروں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ روز علاقہ کے دورہ پر آئے وزیر تعمیرات عامہ نعیم اختر نے چیف انجینئر تعمیرات عامہ کو ہدایت دی کہ وہ اس اہم سڑک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اقدمات کریں ۔ قابل ذکر ہے کہ کیبل بچھانے کے لئے طے شدہ ضوابط کو پس پشت ڈال کر جے سی بی کی مدد سے گہری کھدائی کر کے سڑک کو مزید خستہ حال کیا جا رہا تھا جو پہلے ہی انتہائی خطرناک ہے ۔ بھدرواہ چمبہ روڈ پر کیبل بچھانے کے لئے جے سی بی وغیرہ کے استعمال کی خبروں کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے نعیم اختر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے اس سلسلہ میں ڈوڈہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کیبل بچھانے کے کام کو فوری طور پر بند معطل کروائیں اور موقعہ پر جا کر کی جانے والی قانون شکنیوںکا جائزہ لیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی سی موصوف کو کہا گیا ہے کہ وہ کیبل بچھانے کے کام میں اس کے لئے طے شدہ ضوابط پر عمل آوری کو بھی یقینی بنائیں۔ بھدرواہ چمبہ روڈ کے افتتاح کے حوالہ سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم بین الریاستی رابطہ سڑک ہے جس سے جموں کشمیر اور ہماچل کے لوگوں کو فائدہ ہوگا، ریاستی سرکار ا سکی فوری تکمیل کی خواہاں ہے اور عنقریب ہی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اس کا افتتاح کریں گی۔