راجوری //منی سیکریٹریٹ راجوری کی تعمیر کیلئے بھاجپا وپی ڈی پی کی آپسی چپقلش کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے نیشنل کانفرنس یوتھ کے صوبائی صدر اعجاز احمد جان نے کہاکہ حکومت خطہ پیر پنچال کے اہم طبی ادارے راجوری ہسپتال میں رہائشی کوارٹروںکی تعمیر نہ کرکے انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہے ۔پریس کلب راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے اعجاز جان نے کہاکہ منی سیکریٹریٹ ایک اہم ادارہ ہے جس سے لوگوں کو اپنے کام ایک ہی چھت تلے نمٹانے میں مدد مل سکتی ہے اوراس سے ورک کلچر میں بھی بہتری آئے گی تاہم بدقسمتی سے منی سیکریٹریٹ راجوری ایک خواب بناہواہے اوراس کی وجہ حکمران اتحاد کے لیڈران کے درمیان چپقلش ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے حالیہ دورہ راجوری کے دوران اس تعطل کو توڑاجاسکتاتھا تاہم دونوں جماعتوںکے لیڈران نے ایسا رول ادا کیاکہ یہ معاملہ کسی اتفاق رائے تک پہنچنے سے رہ گیا ۔انہوںنے راجوری میں پانی کی قلت پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دعوے تو کئے جارہے ہیں کہ لوگوںکو سپلائی فراہم ہے لیکن زمینی حالات بالکل مختلف ہیں۔ان کاکہناتھاکہ سابق حکومت نے ضلع ہسپتال راجوری کے رہائشی کوارٹر وں کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھاتھاتاہم موجودہ حکومت نے اس کو بھی تعطل کاشکار بنادیاہے جو انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا اور پی ڈی پی کے لیڈران کو اپنی ناکامی تسلیم کرلینی چاہئے ۔انہوںنے راجوری انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ شہر کو قابل دید بنانے کیلئے قابل سراہنا اقدامات کئے جارہے ہیں۔سکولوںکادرجہ بڑھانے کے معاملے پر انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے ہر ایک اسمبلی حلقہ میں صرف دو سکولوںکا درجہ بڑھایاجارہاہے جبکہ اس سے کہیں زیادہ سکولوں کا درجہ بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پہاڑی علاقوں میں بہت سے سکول ایسے ہیں جن کادرجہ بڑھایاجاناچاہئے ۔اس موقعہ پر صوبائی نائب صدر شیراز ملک ، ضلع صدرمطیع الرحمن ، نرمان سنگھ ، نعیم بٹ وغیرہ بھی موجو دتھے۔