مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ میں چوبیس گھنٹوں کے اندر پاکستانی افواج نے تین بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوجی چوکیوں کے علاوہ آبادی والے علاقوں کو بھی اپنا نشانہ بنایا ۔فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج نے کرشنا گھاٹی کے منکوٹ سیکٹر میں گذشتہ روز شام کو پھر دوبارہ آدھی رات کو دوبجے اور منگلوار کو دن کے دو بجکر 45منٹ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی درجن فوجی چوکیوں کے علاوہ آبادی والے علاقوں کو اپنا نشانہ بناکر چھوٹے اور درمیانہ درجے کے ہتھیاروں سے فائرنگ اور گولہ باری شروع کی۔ اس دوران ہندوستانی افواج نے بھی معقول جواب دیا البتہ فائرنگ اور گولہ باری کے دوران کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ فائرنگ اور گولہ باری کے دوران علاقہ کے لوگ چوبیس گھنٹوں کے اندر بری طرح متاثر ہوئے اور رات بھر سرحد پر بسنے والے لوگ جاگتے رہے تاکہ کوئی نقصان نہ ہو۔