چنہنی//منشیات کی بدعت کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہ کرنے کے لئے ہائر سکینڈری اسکول چنہنی میں ڈرگ اینڈ کنٹرول آرگنائزیشن اور ڈسٹرکٹ ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیاجس کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر ادہم پور رویندر کمار نے کیا۔ اس موقع پر ’منشیات کے مضر اثرات کے موضوع پر ایک سمپوزین کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں بھاری تعداد میں طلباء نے شرکت کی۔ ایس ڈی ایم چہنی دیویندر شرما اس موقعہ پر مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ اپنے خطاب میں ایس ڈی ایم نے آرگنائزیشن کی کائوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کا استعمال نئی نسل کے لئے ایک ایسا خطرہ بن چکا ہے جس سے نبٹنے کے لئے سماج کے سبھی طبقوں کو اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ۔ ماحول کو اس لعنت سے پاک بنانے کے لئے نوجوان طبقہ بالخصوص طلاب کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ شر پسند عناصر حقیر مالی مفادات کے لئے نوجوانوں کو اس کی لت لگا رہے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک ہے ۔سیکرٹری ریڈ کراس، اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر اور پرائمری ہیلتھ سنٹر چہنی کے ڈاکٹر بھی تقریب میں موجود تھے۔ ہائر سکینڈری کے علاوہ گرلز ہائی اسکول چنہنی، بروکلن مشن ہائی اسکول چنہنی اور نشینل پبلک ہائی اسکول کے 13طلباء نے اس موقعہ پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ہائر سکینڈری چہننی کی تانش تھنگری نے پہلا، اسی اسکول کی پریہ دیوی نے دوسرا، اور گرلز ہائی اسکول کی سمیارہ انتھال نے تیسرا مقام حاصل کیا۔