اننت ناگ // شاہ آباد سیول سوسائٹی ممبران کی جانب سے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔رسول میر آڈیٹوریم میں منعقد کئے گئے پریس کانفرنس میں اوقاف کمیٹی، ٹریڈ یونین اور سیول سوسائٹی ڈورو ویری ناگ کے ممبران شامل تھے۔انہوں نے علاقہ میں منشیات کے دھندے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ناسور کا قلع قمع کرنے کے لئے سبھی افراد کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ منشیات دیمک کی طرح ہمارے نوجوانوں کو ضائع کرتی ہے لہٰذا اس پر خاموش نہیں رہ سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ کئی روز سے ڈورو اور اسکے گردونواح میں کئی نوجوانوں کی لاشیں مشکوک حالت میں بر آمد کی گئیں اور اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انکی موت بھی منشیات کے استعمال سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی معنی خیز خاموشی سے جرائم پیشہ افراد کے حوصلے دن بہ دن بلند ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے گذارش کی کہ وہ سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں تاکہ ہمارا آنے والا مستقبل محفوظ رہ سکے۔انہوں نے کمسن بچوں کی جانب سے موٹر سائیکل اور کار چلا نے پر بھی حیرانی ظاہر کی اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے نوجوانوں کے خلافِ سخت مہم چلانے کی وکالت کی ۔اس موقع پر سبھی افرادنے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور گھروں میں دینی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کریں ۔