عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں 100 روزہ ‘نشہ مکت’ (منشیات سے پاک) مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی ذمہ داری نبھائیں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے اس اعلان کی بھی حمایت کی جس میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی بات کہی گئی ہے۔ بخاری نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا، ’’ یہ جموں و کشمیر کے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ آج سے شروع کی گئی 100 روزہ ‘نشہ مکت’ مہم کی کامیابی میں فعال کردار ادا کرے۔ ایک ایسے وقت میں جب ہمارے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی منشیات کی لعنت کا شکار ہو چکی ہے اور مزید نوجوان اس وبا کا شکار ہوسکتے ہیں، یہ مہم نہایت بروقت اور ضروری ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا: ’’میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے اس فیصلے کی ستائش اور حمایت کرتا ہوں جس کے تحت منشیات فروشوں کے خلاف سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ اس نوعیت کی موثر کارروائیاں منشیات کے نیٹ ورک کی کمر توڑنے اور ہمارے نوجوانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہین۔ آئیے ہم سب مل کر اس مہم کو کامیاب بنائیں۔‘‘