جاوید اقبال
مینڈھر// ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘کے تحت منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف جاری کارروائیوں میں ضلع پولیس پونچھ نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے منشیات کے کاروبار سے وابستہ ایک گاڑی کو ضبط کر لیا ہے۔ پولیس نے اس کارروائی کو منشیات فروشوں کی مالی بنیادوں کو کمزور کرنے کی سمت میں ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔پولیس اسٹیشن گورسائی نے این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی دفعہ 68-ایف کے تحت ایک ماروتی سوزوکی ایکو گاڑی، جس کا رجسٹریشن نمبر JK12B-7527 ہے، باضابطہ طور پر ضبط کر لی۔ ضبط کی گئی گاڑی کی مالیت تقریباً پانچ لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی منشیات سے متعلق ایک مقدمے میں ملوث ملزم آخت حسین ولد حاجی میر محمد، ساکن دھڑانہ مینڈھر کی غیر قانونی جائیداد قرار دی گئی ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گاڑی منشیات کی غیر قانونی خرید و فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے خریدی گئی تھی۔ تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد پولیس نے گاڑی کو ضبط کر لیا۔ضلع پولیس پونچھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے والے مالیاتی نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صرف منشیات فروشوں کو گرفتار کرنا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی غیر قانونی جائیدادوں اور اثاثوں کو بھی قانون کے دائرے میں لا کر ضبط کیا جائے گا تاکہ اس گھناؤنے کاروبار کی جڑوں کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔پولیس حکام نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے عوامی تعاون بھی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک بنانے میں مدد مل سکے۔