محتشم احتشام
پونچھ//اننت ناگ–راجوری لوک سبھا حلقہ سے معزز رکنِ پارلیمنٹ میاں الطاف احمد لاروی نے اپنے دو روزہ دورہ پونچھ کے دوران ایم ایل اے حویلی اعجاز جان کی قیادت میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انہیں موجودہ دور میں حقیقی اور عوام دوست ترقی کی روشن مثال قرار دیا۔ اپنے دورے کے دوران مختلف سیاسی و غیر سیاسی وفود نے رکنِ پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور انہیں عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔دورے کا بنیادی مقصد ضلع پونچھ میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے سنگِ بنیاد رکھنا تھا، تاہم بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر معزز رکنِ پارلیمنٹ تحصیل مینڈھر کا دورہ نہ کر سکے اور پونچھ میں ہی قیام کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایم ایل اے حویلی اعجاز احمد جان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ان کی والدہ مرحومہ عطیہ جان کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کے لئے دعا کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں الطاف احمد لارو ی نے کہا کہ اگر آج کے وقت میں کہیں حقیقی اور زمینی سطح پر ترقی نظر آتی ہے تو وہ پونچھ حلقہ ہے، جہاں ایم ایل اے اعجاز احمد جان عوامی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے پونچھ اور منڈی علاقوں میں سڑکوں کے وسیع نیٹ ورک اور دیگر ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب ایم ایل اے کی دور اندیشی اور عوامی مسائل کے تئیں حساسیت کا واضح ثبوت ہے۔اس موقع پر ایم ایل اے اعجاز احمد جان نے رکنِ پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پونچھ–راجوری کے عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں پارلیمنٹ میں اٹھانے پر ان کی ستائش کی اور ضلع پونچھ میں ایک سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کا دیرینہ مطالبہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کی درخواست کی۔ میاں الطاف لارو ی نے اس مطالبے کو جائز قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ اسے پارلیمنٹ میں بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔بعد ازاں رکنِ پارلیمنٹ نے ایم ایل اے حویلی اعجاز احمد جان کی موجودگی میں گاؤں کھڑی اور بلاک ننگالی میں دو سڑکوں کے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔اپنے اختتامی کلمات میں میاں الطاف احمد لارو ی نے عوام کے ایم ایل اے اعجاز احمد جان پر بھرپور اعتماد اور وابستگی کو سراہتے ہوئے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہی عوامی اعتماد کسی بھی نمائندے کی اصل طاقت ہوتا ہے۔