ڈوڈہ//ایم ایل اے ڈوڈہ شکتی راج پریہار نے پرانے ضلع ہسپتال ڈوڈہ میں سوچھ بھارت ابھیان مشن کے تحت تعمیر شْدہ بیت الخلاء کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اْن کے ہمراہ حال ہی میں تعینات ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رکھوال کے علاوہ ڈوڈہ میونسپلٹی آفیسران اور اہلکاران بھی موجود تھے۔اس موقع پر شکتی پریہار نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عوام کو بیت الخلا ء کی عدم دستیابی سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا چونکہ قصبہ کے اس حصّے میں کوئی بھی بیت الخلاء موجود نہ تھا جو عوام کے لئے مشکلات کا سبب تھا۔اْنہوں نے کہا کہ ملک کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحول کی حفاظت کے لئے وزیر اعظم ہند نریندر مودی والی مرکزی سرکار کی جانب سے سوچھ بھارت ابھیان اسکیم شروع کی گئی ہے جس کے تحت صفائی سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لئے جانکاری پروگراموں کا انعقاد کیا جاتاہے تاکہ لوگوں کو اپنے آس پاس صاف ستھرا رکھنے کی طرف آگاہ کیا جائے۔اس سلسلہ میں مرکز کی طرف سے گھر گھر بیت الخلاء تعمیر کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے جس کے لئے 12000روپے فراہم کئے جاتے ہیں۔پریہار نے مزید بتایا کہ اس جگہ پر بیت الخلاء کی دستیابی سے عوام کو کافی حد تک راحت فراہم ہو گی چونکہ یہاں پر اکثر دور دراز سے لوگوں کا آنا جانا رہتا ہے اس لئے یہاں پر بیت الخلاء کی بہت ضرورت تھی جو پوری ہوئی ہے۔اْنہوں ے میونسپلٹی ڈوڈہ کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی سہولت کے لئے بیت الخلاء کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھیں اور پانی وغیرہ مہیا رکھیں تاکہ کسی کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ممبر اسمبلی ڈوڈہ کے ہاتھوں بیت الخلاء کا افتتاح
