عشرت حسین بٹ
سرنکوٹ//ممبر اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم نے پیر کے روز اپنے حلقہ انتخاب سرنکوٹ کے مرہوٹ علاقہ کا دورہ کیا اور دس لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی بٹگان تا سولی سڑک کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مختلف محکمہ جات کے افسران، مقامی نمائندے اور بڑی تعداد میں عوام موجود تھی۔دورے کے دوران علاقہ کے لوگوں نے ممبر اسمبلی کے سامنے پینے کے صاف پانی، بجلی کی بہتر فراہمی اور مجموعی طور پر علاقہ کی تعمیر و ترقی سے متعلق اپنے مسائل اور مطالبات رکھے۔ ایم ایل اے چوہدری محمد اکرم نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ مرہوٹ علاقہ کی تمام جائز شکایات اور مطالبات کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا اور ترقیاتی کاموں میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ممبر اسمبلی نے کہا کہ بٹگان تا سولی سڑک مرہوٹ علاقہ کی ایک اہم رابطہ سڑک ہے، جس کی تعمیر دس لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر سے نہ صرف آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ عوام کو درپیش روزمرہ مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے حلقہ کی مجموعی تعمیر و ترقی کے لئے پرعزم ہیں اور عوامی مسائل ان کی اولین ترجیح ہیں۔ پانی اور بجلی کے مسائل کے حوالے سے انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ایم ایل اے نے بتایا کہ مرہوٹ علاقہ پانچ پنچایتوں پر مشتمل ہے اور ہر پنچایت میں سڑکوں، تعلیم، بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کی بہتری کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ترقیاتی کاموں میں انتظامیہ کا تعاون کریں تاکہ علاقہ میں مزید ترقی ممکن ہو سکے۔