اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پولیس نے ڈوڈہ ضلع کی تحصیل کاہرہ ٹانٹا سے تعلق رکھنے والے ملی ٹینٹوں کو مدد فراہم کرنے کے الزام میں 3 معاونین کو گرفتار کیا گیا ہے. پولیس ذرائع کے مطابق ٹانٹا گاؤں کے رہنے والے سجاد حسین، مبشر احمد و صفدر حسین نے گذشتہ دنوں ملی ٹینٹوں کو خوراک و دیگر ضروری چیزیں مہیا کیں تھیں اور پولیس کو اس کی اطلاع نہیں دی. ایس ایس پی ڈوڈہ جاوید اقبال نے ایک نیوز چینل کو انٹرویو دیتے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملی ٹینٹوں کے 3 معاونین کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے. انہوں نے کہا کہ ضلع میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہیں اور پولیس و سیکورٹی فورسز دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح مستعد ہے. واضح رہے کہ دو ہفتے قبل ڈوڈہ ضلع کے چھترگلہ بھدرواہ و کوٹا ٹاپ گندوہ میں ملی ٹینٹوں و سیکورٹی فورسز کے درمیان مختصر جھڑپوں میں 7 اہلکار زخمی ہوئے تھے اور ملی ٹینٹ فرار ہوئے تھے اس کے بعد متعدد مقامات پر پولیس و فوج نے تلاش کارروائیاں شروع کیں ہیں جبکہ دو روز قبل ایک شخص نے پولیس اہلکار کی رائفل لے کر نزدیکی جنگل میں بھاگ گیا تھا جس کے بعد پولیس کی ایس او جی ٹیم و راشٹریہ رائفلز نے دوسرے ہی روز رائفل سمیت گرفتار کر لیا تھا۔