یواین آئی
نئی دہلی// شمال مغربی ہندوستان میں جمعرات سے اور مشرقی ہندوستان میں 18 مئی سے گرمی کی شدید لہر چلنے کے امکانات ہیں۔موسمیاتی مرکز ( آئی ایم ڈی ) کے مطابق مغربی راجستھان، پنجاب، جنوبی ہریانہ، مشرقی راجستھان، اتر پردیش اور بہار کے مختلف علاقوں میں 16سے19 مئی تک گرمی کی شدید لہر جاری رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 15 سے 17 مئی کے دوران گجرات کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدید لہر چلنے کے امکانات ہیں۔ کونکن میں 15-16 مئی، سوراشٹرا اور کچھ میں 16-17 مئی، دہلی، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور اڈیشہ میں 18-19 مئی کو گرمی کی لہر چلنے کا امکان ہے۔ 20 مئی تک جنوبی جزیرہ نما ہندوستان میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل، کیرالہ، ماہے، ساحلی اور کرناٹک کے الگ تھلگ علاقوں میں آج سے 19 مئی تک موسلادھار بارش متوقع ہے۔ اروناچل پردیش میں 16-19 مئی، آسام اور میگھالیہ میں 17-19 مئی تک الگ تھلگ مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔ جنوب مغربی مانسون کا 19 مئی کو جنوبی انڈمان سمندر، جنوب مشرقی خلیج بنگال اور نکوبار جزائر کے کچھ حصوں میں پیش قدمی کا بہت امکان ہے۔ بدھ-جمعرات کو آسام، میگھالیہ، تریپورہ، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور بہار میں گرم اور مرطوب موسم کی توقع ہے۔