نئی دہلی// ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 37724 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1192915 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 648 سے بڑھ کر 28732 ہوگئی۔ سب زیادہ متاثر مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے 8336 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 246 افراد کی موت ہوئی۔ یہاں متاثرہ افراد کی تعداد اب 327031 اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12276 ہے ۔تمل ناڈو میں 4965 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 75 افراد کی موت ہوگئی ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 180643 اور مرنے والوں کی تعداد 2،626 ہوگئی۔قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس کی حالت اب کچھ کنٹرول میں ہے اور یہاں وائرس کے کیسز میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے ۔ دارالحکومت دہلی میں کورونا سے اب تک 125096 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد بڑھ کر 3690 ہوگئی ہے ۔ کرناٹک میں 71069 افراد اس جان لیوا وبا کا شکار ہوچکے ہیں اور 1464 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ آندھرا پردیش،متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے اس ریاست نے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں اترپردیش اور گجرات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ریاست میں 58668 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 758 ہوگئی ہے ۔اتر پردیش کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں گجرات کو پیچھے چھوڑ کر چھٹے نمبر پر آگیاہے ۔ ریاست میں اب تک 53288 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وبا سے اب تک 1229 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ گجرات میں 50379 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2196 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔تلنگانہ میں کورونا وائرس کے کیسز بھی بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ اس ریاست میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 47705 تک جا پہنچی ہے اور 429 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔مغربی بنگال میں کورونا وائرس سے 47030 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1182 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔راجستھان میں بھی کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 31373 ہوگئی ہے اور اب تک 577 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔ہریانہ میں 27462 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 364 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کرناٹک میں لاک ڈاون ختم
نئی دلی //کرناٹک میں کورونا بے لگام گھوڑے کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔حالات کی سنگینی اور اپوزیشن کے سخت دباؤ کے بعد سی ایم یڈی یورپا نے بنگلورو میں 14 جولائی سے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ حالانکہ لاک ڈاؤن 22جولائی کی شام پانچ بجے تک کیلئے نافذ تھا، لیکن مقررہ وقت سے قبل ہی لاک ڈاؤن سے دستبرداری اختیار کر لی گئی۔منگل کو ہی وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ کرناٹک کے کسی بھی حصے میں 22 جولائی کی صبح سے کوئی لاک ڈاؤن نہیں ہو گا۔
کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فضائیہ ہر وقت تیار رہے :راجناتھ
نئی دہلی// وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بدھ کے روز مشرقی لداخ میں ہندوستان اور چین کی فوجوں کے مابین کشیدگی اور تعیناتی کم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی ہندوستانی فضائیہ کو آگاہ کیا کہ وہ کسی بھی مخالف صورتحال کے لیے ہر وقت تیار رہے ۔وزیر دفاع یہاں فضائیہ کے کمانڈرس کے پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔ فضائیہ کے ہیڈکوارٹر ‘وایو بھون’ میں بدھ کے روز اس پروگرام سے ایئر چیف مارشل آر کے سنگھ بھدوریا نے بھی خطاب کیا۔مسٹر سنگھ نے فضائیہ کے تمام کمانوں کے کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے گذشتہ کچھ ماہ میں ہندوستانی فضائیہ کے آپریشن کی استعداد میں اضافے کے لیے فعالیت سے کیے گئے کام کی تعریف کی اور کہا کہ فضائیہ نے جس پیشہ وارانہ ڈھنگ سے بالاکوٹ میں ایئر اسٹرائک آپریشن کیا اور مشرقی لداخ میں پیدا شدہ چیلنج بھرے حالات میں جتنی تیزی سے اہلکاروں اور سازوسامان کی تعیناتی کی’ اس سے ہمارے دشمنوں کو سخت پیغام گیا ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اپنی خود مختاری کی حفاظت کسی قوم کا عزم، اس ملک کے عوام کا مسلح افواج کی استعداد پر یقین سے مضبوط ہوتا ہے ۔ انہوں نے ایکچول کنٹرول لائن پر جاری کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ فضائیہ کو کسی بھی مخالف صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے ۔ وزیر دفاع نے کووِڈ۔19 وبا کے دوران فضائیہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور دفاعی پروڈکشن میں ‘خود کفیلی’ حاصل کرنے کی ضرورت کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ فضائیہ میں آنے والے دنوں میں دیسی ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے گا۔