نئی دہلی//(یو این آئی)ملک میں کرونا وائرس سے متاثروں کی مجموعی تعداد 43 ہوگئی ہے جن میں کیرلہ کے وہ تین لوگ بھی شامل ہیں جنہیں علاج کے بعد چھٹی دے دی گئی ہے ۔وزارت صحت اور خاندانی فلاح وبہبود نے بتایا ہے کہ باقی 40 معاملے انفیکشن کے ہیں۔ اتوار سے اب تک جن چار نئے معاملوں کی اطلاع ملی ہے ان میں سے ایک کیرلہ کے ارناکولم سے ، ایک دہلی، ایک اترپردیش اور ایک جموں سے ہے ۔کیرلہ میں اتوار کو جن پانچ نئے معاملوں کاپتہ چلا تھا ان میں سے تین لوگ ایسے ہیں جنہوںنے حال ہی میں اٹلی کا دورہ کیا تھا اور دو دیگر ان کے اہل خانہ ہیں جو ان کے رابطے میں آئے تھے ۔ ان لوگوں نے حال ہی میں ایک خاندانی تقریب میں شرکت کی تھی اور اپنے کچھ رشتہ داروں سے ملنے گئے تھے ۔ ان کے رابطہ میں آئے لوگوں کا پتہ لگایا جارہا ہے ۔ملک میں کرونا وائرس کے 3003 نمونوں کی جانچ میں سے 43 میں انفیکشن کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ 2694 نمونے منفی پائے گئے ہیں۔ اب تک غیر ممالک سے آنے والے 8255 پروازوں میں کل 874708 مسافروں کی ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کی جاچکی ہے جس میں سے 1921 میں کروناسے متاثر ہونے کا شبہ ہے ۔ ان میں سے 177 کو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔