عظمیٰ نیوز سروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کہا کہ جموں میں مائیگرنٹ کیمپوں کی مرمت اور تجدید کیلئے 8490.15 لاکھ روپے کا ڈیٹیلڈ پروجیکٹ رپورٹ ( ڈی پی آر ) تیار کیا گیا ہے اور تعمیل کیلئے فائنانس ڈیپارٹمنٹ کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ قانون ساز اسمبلی میںرْکن اسمبلی دیوانی رانا کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔اْنہوں نے کہا کہ پری فیبریکیشن شدہ ٹرانزٹ رہائشیں بنیادی سہولیات کے ساتھ ویسو ( کولگام ) ، ہوول ( پلوامہ ) ، نت نوسہ ( کپواڑہ ) اور ویروان ( بارہمولہ ) ڈویڑن میں قائم کی گئی ہیں تا کہ وزیر اعظم کے پیکیج کے تحت تعینات کئے گئے مائیگرنٹ ملازمین کو فوری اور محفوظ رہائش فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صلاحیت بڑھانے کیلئے تقریباً 6000 اضافی ٹرانزٹ رہائشیں مرحلہ وار تعمیر کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر بھر میں کیمپوں اور رہائشوں میں رہنے والے مائیگرنٹس کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے جن میں رہائش ، پینے کا پانی ، بجلی ، صفائی ، صحت کی سہولیات ، تعلیم ، راشن اورسیکورٹی شامل ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ منی ٹاؤن شپ جگٹی کے رہائشی کوارٹرز میں پینے کے پانی کی سپلائی ، بجلی ، صفائی ستھرائی ، راشن ، تعلیم صحت کی سہولیات اور سیکورٹی کے انتظامات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیکھ بھال ، مرمت /تجدید ، پینے کے پانی کی سپلائی اور بجلی کی خرابیوں سے متعلق شکایات وقتاً فوقتاً موصول ہوتی رہتی ہیں اور ان کا فوری طور پر ازالہ کیا جاتا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں میں مائیگرنٹس کیمپس کی مرمت اور تجدید کیلئے ایک تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ ( ڈی پی آر ) تیار کئے گئے ہیں جس کی لاگت 8490.15 لاکھ روپے ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام رہائش گاہوں کی سالانہ تجدید اور دیکھ بھال کیلئے وقتاً فوقتاً موصول ہونے والی شکایات کو ترجیح بنیاد پر متعلقہ محکموں کے ذریعے حل کیا جاتا ہے۔