عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے یکم جنوری 2026 سے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے مہنگائی الانس (ڈی اے)کو 58 فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد کر دیا ہے۔محکمہ خزانہ نے ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کے تحت تنخواہ اور پنشن حاصل کرنے والے ملازمین اور پنشنرز/فیملی پنشنرز کے لیے اس سلسلے میں دو الگ الگ احکامات جاری کیے ہیں۔احکامات کے مطابق ملازمین کے لیے نظرثانی شدہ ڈی اے کا حساب بنیادی تنخواہ پر کیا جائے گا، جبکہ پنشنرز اور فیملی پنشنرز کو بالترتیب بنیادی پنشن اور فیملی پنشن پر بڑھا ہوا الانس ملے گا۔جنرل پروویڈنٹ فنڈ سکیم کے تحت آنے والے ملازمین کے جنوری سے اپریل 2026 تک کے بقایا جات ان کے جی پی ایف اکائونٹس میں جمع کرائے جائیں گے، جب کہ نیشنل پنشن سسٹم (این پی ایس) کے تحت ملازمین اور پنشنرز کو بقایا نقد رقم میں ملیں گے۔بڑھایا گیا ڈی اے مئی 2026 کے بعد سے ماہانہ تنخواہ اور پنشن کا حصہ بنے گا۔