سری نگر// انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر وجے کمار نے مقامی نوجوانوں کی جنگجویانہ صفوں میں شمولیت کو ’’انتہائی تشویشناک‘‘قرار دیا۔ ’’انسداد دہشت گردی کے قومی دن‘‘ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ، آئی جی پی نے ، فورسز اور والدین سے اپیل کی کہ وہ مقامی نوجوانوں کو جنگجوئوں کے صفوں میں شامل ہونے سے روکنے کے لئے پوری ایمانداری سے اور مزید کوشش کریں۔اس سے قبل مرکزی تقریب ضلع پولیس لائنز سری نگر میں منعقد ہوئی جس کے دوران آئی جی پی کشمیر نے’’انسداد دہشت گردی کے دن‘‘ کے عزم کا اعادہ کیا۔وادی کے اعلی پولیس افسر نے تمام لوگوں میں امن ، معاشرتی ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کو برقرار رکھنے اور فروغ دینے اور انسانی جانوں اور اقدار کو خطرے میں ڈالنے والی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے عہد کو پڑھ کر سنایا۔ وجے کمارنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ہمارا مقصد وادی کشمیر میں جنگجویت کا خاتمہ ہے تاکہ عام لوگوں کے لئے، جو پرامن طور پر رہنا چاہتے ہیں، جنگجویت سے پاک ماحول پیدا کیا جاسکے‘‘۔انہوں نے کہا پولیس ، فورسز ، تعلیم اور کھیل کے محکموں اور اہل خانہ کی ایک جامع اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر نے کہا’’ معرکہ آرائیوں میں پھنسے مقامی جنگجوئوں کو موقعہ دیا جاتا ہے،اور انکو خود سپردگی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے آپریشنوں میں بھی تاخیر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا’’آج ہم ہر قسم کے تشدد اور اس سے متعلقہ سرگرمیوں کی مذمت کرنے کا عہد کرتے ہیں‘‘۔