سرینگر //بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ مودی سرکار نہ صرف ریاست کا درجہ بحال کرنے کے اپنے وعدے پر قائم ہے بلکہ حدبندی کے مکمل ہونے کے فوراً بعد جموں وکشمیر میں انتخابات بھی کرائے جائیں گئے ۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے جموںوکشمیر کے بی جے پی چیف روندر رینہ نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعظم نرندر مودی نے پارلی منٹ میں تمام ممبران کے سامنے ریاست کے درجہ کی بحالی کی بات کی ہے اور وہ اپنا وعدہ ضرور پورا کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر میں حد بندی کے بعد انتخابات ہوں گے ۔انہوںنے کہا کہ حد بندی کمیشن نے یہاں کا دورہ کرنے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور انتظامیہ سے کچھ رپورٹ بھی مانگی ہے اور حدبندی مکمل ہونے کے ساتھ ہی جموں وکشمیر میں انتخابات کرائے جائیں گے ۔ روندر رینہ نے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ بات چیت کے لائق نہیں ہے کیونکہ آج تک سب سے پہلے دوستی کا ہاتھ بھارت کی سرکاروں نے ملایا لیکن وہاں سے پیٹ میں چھرا گھونپا جاتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’سرحدوں پر بنکروں کی تعمیر کی ضرورت نہ ہوتی اگر ہمارے ساتھ پاکستان جیسا ملک نہ ہوتا جسے نہ اپنی بربادی کا ڈر نہ دوسرے کی پریشانی کا خوف‘‘۔روندر رینہ تین روزہ دورے پر کرناہ میں ہیں جہاں انہوں نے جمعرات کو ڈال بنگلہ کرناہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق مقامی جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے جموں وکشمیر کی غریب عوام کو لوٹا اور اپنے گھر بنائے جبکہ بی جے پی ایک ایسی جماعت ہے جو غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزر بستکرنے والوں کا خیال رکھ رہی ہے اور لوگوں کی دیرینہ مانگوں کو پورا کر رہی ہے ۔رینہ نے کہا کہ سرحدی علاقوں کی ترقی بی جے پی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ادھر کرناہ میں ٹنل کی تعمیر کے اعلان کے بعد رویندر رینہ نے اپنے ورکروں کے ساتھ مل کر جشن منایا۔کرناہ میں آتش بازی کی اور ڈاک بنگلہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد ورکروں کے ساتھ ڈھول پر ناچا ۔ انہوں نے خطاب کے دوران کہا کہ کسی بھی سابق وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان نہیں کیا اور مودی سرکار نے یہ خوشخبری سنائی ہے اور ٹنل کیلئے 1300کروڑ روپے منظور کئے ہیں ۔