بلال فرقانی
سرینگر//سرینگر میں فلاحی و رفاعی ادارے اتھواس،گروپ آف ہیومنٹی نے اتوار کو50مستحق کنبوں میں سرمائی ساز و سامان کے کٹ تقسیم کئے جبکہ 10حفاظ کرام کو اسناد سے نوازا گیا۔ مہجور نگر میں ایک تقریب منعقد میں50کے قریب بیوائوں اور یتیم بچیوں میں موسم سرما میں استعمال میں لائے جانے والے ساز و سامان تقسیم کیا گیا۔سرمائی کٹ میں گرم کمبل، جرابے، گرم جوتے اور دیگر ساز و سامان تھا۔ تقریب پر معروف عالم الدین مولانا عبدالمجید ڈار المدنی مہمان خصوصی تھے،جبکہ سکندر سلفی،ڈاکٹر منظور اور دیگر فلاحی رضاکار بھی موجود تھے۔ تقریب پر مقررین نے معاشرے کے صاحب ثروت لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وہ غریبوں،مفلسوں اور مفلوک الحال لوگوں کی امداد کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور فلاحی و رفاعی اداروں کی مدد کریں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غریبوں،مسکینوں اور یتیموں کی مدد کے دوران وہ اقلیتی طبقے سے وابستہ لوگوں کا خا ص خیال رکھیں اور انکی بھی بلا مذہب و ذات اور رنگ و نسل کے مدد کریں ۔اس موقعہ پر قریب 12کے قریب حفاظ کرام کو اسناد سے نوازا گیا ۔ مقررین نے ان حفاظ کرام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بچوں کو قرانی تعلیم سے آراستہ کرنے پر زور دیا۔تقریب میں سماجی سطح پر کام کرنے والے اداروں اور کارکنوں کے علاوہ صحافیوں کو بھی عزت و اکرام سے نوازا گیا۔