عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حکام نے کہاہے کہ کشمیر ایک نئے برف و باراں کے موسم کی تیاری کر رہا ہے پیر کی شام سے ایک اور مغربی خلل وادی پر اثر انداز ہونے جارہاہے۔محکمہ موسمیات نے 26 جنوری کی شام تک موسم عام طور پر ابر آلود رہے گاتاہم اس کے بعد زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔ چند علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ درمیانی سے موسلادھار بارش اور برفباری بھی متوقع ہے۔محکمہ کے مطابق 28 جنوری کو چند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے جب کہ آئندہ دو روز کے دوران موسم خشک لیکن ابر آلود رہے گا۔
مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا گیاہے کہ وہ کوئی بھی سفر شروع کرنے سے پہلے متعلقہ ٹریفک یونٹ سے ہائی ویز اور سڑکوں کی حالت کی تصدیق کریں۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 28 جنوری تک تمام کام بند کر دیں۔برف کی لپیٹ میں رہنے والے اونچے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو برفانی تودے کے شکار علاقوں میں جانے سے خبردار کیا گیا ہے۔ابر آلود حالات کی وجہ سے پیر کو وادی کشمیر میں رات کے درجہ حرارت میں قدرے بہتری آئی۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ، منفی 9.0 ڈگری سیلسیس کے ساتھ وادی میں سب سے سرد ترین مقام رہا۔پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 جب کہ دیگر موسمی مراکز پر درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہا۔