سرینگر//پی ڈی پی کے سابق سر پرست اعلیٰ مظفرحسین بیگ نے بدھ کے روزباضابطہ طورپرپیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی ۔خیال رہے مظفرحسین بیگ نے اپنے سیاسی کیریئرکاآغاز لگ بھگ 5دہائیاں قبل اسی جماعت سے کیاتھا۔ بدھ کے روز جاری بیان میں پیپلز کانفرنس کی جانب سے بتایاگیاکہ سینئرسیاسی رہنمامظفرحسین بیگ پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں ۔بیان کے مطابق بدھ کے روز پیپلز کانفرنس چیئرمین سجادغنی لون نے مظفرحسین بیگ کی رہائش گاہ پرجاکر ازخود موصوف کوپارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ۔اس موقعہ پر مظفرحسین بیگ نے کئی سینئرلیڈروں کی موجودگی میں پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیارکرلی ۔سجادغنی لون نے مظفرحسین بیگ کے پارٹی میں شامل ہونے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ سینئرسیاسی رہنما نے مشکل ترین حالات میں بھی جموں وکشمیر سے جڑے مسائل ومعاملات کومختلف ایوانوں اورفورموں میںاُٹھایا۔اس موقعہ پر عبدالغنی وکیل،بشیراحمدڈار،عابدانصاری ،عرفان پنڈت پوری،راجہ اعجاز علی اورعدنان اشرف میر بھی موجودتھے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شمالی ضلع بارہمولہ کے وحدنا چندوسہ کنڈی میں جنم لینے والے مظفرحسین بیگ نے اپنی عملی یاسرگرم سیاسی زندگی کی شروعات پیپلز کانفرنس سے کی تھی ،اورجب 80کی دہائی کے اوائل میں خواجہ عبدالغنی لون نے پیپلز کانفرنس کی داغ بیل ڈالی تواس نئی پارٹی کے بانی رہنمائوں میں مظفرحسین بیگ ،سابق جسٹس بشیراحمدخان،ڈاکٹر غلام محمدحبی اورنظام الدین بٹ بھی شامل تھے ۔مظفرحسین بیگ نے بارہمولہ ،بشیراحمدخان نے پٹن ،نظام الدین بٹ نے بانڈی پورہ اورڈاکٹرغلام محمدحبی نے اسمبلی حلقہ چرارشریف سے پیپلز کانفرنس کی ٹکٹ پر الیکشن میں بھی حصہ لیا تھا۔لیکن یہ چاروں ہارگئے ۔تب مظفرحسین بیگ پیپلز کانفرنس کے وائس چیئرمین ہواکرتے تھے تاہم اپنے سیاسی گائڈ یا راہنما خواجہ عبدالغنی لون کیساتھ کسی معاملے پراختلافات یااختلاف رائے کے بعدانہوں نے پیپلز کانفرنس سے علیحدگی اختیار کی ،اورطویل عرصہ کیلئے مظٖفرحسین بیگ سیاسی گوشہ نشینی میں چلے گئے ۔اب مظفرحسین بیگ پھرایک مرتبہ پیپلز کانفرنس میں شامل ہوگئے ہیں ۔بھاجپا کی جانب سے پی ڈی پی سے حمایت واپس لینے کے بعد مظفر حسین بیگ کو پارتٰ کا سر پرست اعلیٰ بنایا گیا تھا۔ لیکن انہوں نے نومبر 2020میں پی ڈی پی کو ضلع ترقیاتی انتخابات کے دوران سیٹوں کے بٹوارے کو لیکر الوداع کہہ دیا،اورلگ بھگ چارماہ تک سیاسی گوشہ نشینی میں رہنے کے بعداب پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیارکرلی ۔