سیکڑیٹریٹ میں متعدد وفودکی ملاقات
سرینگر//متعددوفود اور افراد نے سول سیکرٹریٹ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان سے ملاقات کی اور انہیں اپنی شکایات اور مطالبات سے آگاہ کیا ۔ وفود نے اپنے اپنے علاقوں کے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل اٹھائے اور اس سلسلے میں مشیر سے مداخلت کی درخواست کی ۔ راجوری کے ایک وفد نے مختلف مطالبات کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے مطالبات کی فہرست پیش کی اور ان کا فوری ازالہ کرنے کی مانگ کی ۔ انہوں نے اپنے علاقے میں سڑکوں کی میکڈمائیزیشن کے علاوہ صحت کی سہولیات میں اضافہ ، پانی کی فراہمی اور دیگر مطالبات پیش کئے ۔ غیر ملکی تعلیم یافتہ ڈاکٹروں کے ایک اور وفد نے بھی مشیر سے ملاقات کی اور کئی مسائل اٹھائے ۔ اسی طرح چرارِ شریف سے ایک اور وفد نے بھی مشیر سے ملاقات کی اور عوامی اہمیت کے مختلف مسائل جیسے سڑک ، پانی ، صحت کی سہولیات کے بارے میں مشیر کو جانکاری دی۔اسی طرح سرینگر اور دیگر علاقوں کے کئی وفود اور افراد نے بھی مشیر سے ملاقات کی اور مختلف محکموں جیسے پی ڈی ڈی ، دیہی ترقی ، سیاحت اور دیگر محکموں سے متعلق اپنے معاملات اٹھائے ۔ مشیر نے تمام وفود اور افراد کو غور سے سُنا اور ان کے حقیقی مطالبات اور مسائل کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔