عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// مشن یوتھ سکیموں پر عمل آوری کی ضلعی سطح کی کمیٹی کا ایک اجلاس پیر کو ڈپٹی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کی صدارت میں بلایا گیا جس میں مشن یوتھ اسکیموں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا ۔میٹنگ کے دوران مختلف مشن یوتھ اسکیموں کے تحت کل 34 کیسوں کی منظوری دی گئی جن میں SEI اسکیم کے تحت 16 کیس، ممکن اسکیم کے تحت 14 کیس اور تیجسوینی اسکیم کے تحت 04 کیس شامل ہیں تاکہ خواہشمند کاروباریوں کو خود روزگار فراہم کیا جاسکے۔اس موقع پرچیئرمین ڈی ایل آئی سی نے سکیموں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ بے روزگار نوجوان اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ڈی ایل آئی سی کی طرف سے منظور شدہ کیسوں کو مسترد کر کے بعض بینکوں کی ناقص کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے، ڈی سی نے ضلع میں کام کرنے والے بینکوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایک اضافی میل طے کریں اور بے روزگار نوجوانوں کو خوشحالی اور خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ان کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔