عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// ضلع انتظامیہ راجوری نے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) کے اشتراک سے مشن کلین راجوری کے تحت درہلی ندی کے کنارے ایک بڑے صفائی مہم کا آغاز کیا۔ یہ صفائی مہم عبداللہ برج اور جھولا برج کے قریب منعقد کی گئی، جس کی قیادت ضلع ترقیاتی کمشنر (ڈی ڈی سی) ابھیشیک شرما نے خود کی اور عملی طور پر صفائی کے عمل میں حصہ لیا۔ڈی ڈی سی ابھیشیک شرما نے دسمبر کی سردی میں خود درہلی ندی میں اتر کر صفائی کرتے ہوئے اس بات کا واضح پیغام دیا کہ مشن کلین راجوری صرف علامتی اقدام نہیں بلکہ عملی کارروائی ہے۔ انہوں نے صفائی مہم میں شریک رضاکاروں اور شرکاء سے بات چیت بھی کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔اس موقع پر میڈیا نمائندوں اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی نے کہا کہ صفائی ایک اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس میں عوام، بالخصوص دکانداروں اور مقامی لوگوںکا تعاون نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے خشک اور گیلا کچرا الگ الگ جمع کرنے پر زور دیتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ نالیوں اور آبی ذخائر میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کریں۔ڈی ڈی سی نے قدرتی وسائل کے تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے خاص طور پر درہلی ندی اور دیگر آبی ذخائر کو صاف رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عبداللہ برج اورجھولابرج کے دونوں اطراف حفاظتی جالی نصب کی جائے گی تاکہ ندی میں براہِ راست کوڑا پھینکنے سے روکا جا سکے۔صفائی مہم میں سول سوسائٹی کے نمایاں افراد، بی جی ایس بی یو اور پی جی کالج راجوری کے این ایس ایس رضاکاروں، یوتھ کلبوں اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی، جس سے اس مہم کو زبردست عوامی حمایت حاصل ہوئی۔ عام لوگوں نے ضلع انتظامیہ کی اس مؤثر اور عملی کوشش کو سراہا۔ضلع انتظامیہ نے واضح کیا کہ درہالی ندی کے کنارے صفائی مہم آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی تاکہ راجوری کو صاف، صحت مند اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔