عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر سرتاج احمد شاہ نے جمعہ کو لال منڈی میں قائم انٹی گریٹڈ مشروم ڈیولپمنٹ سینٹر (IMDC)کا دورہ کیا اور مرکز کی کارکردگی اور وادی بھر میں مشروم کی کاشت کو فروغ دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈائریکٹر نے اسپان پروڈکشن سینٹر، پیسچرائزڈ کمپوسٹ یونٹ اور مشروم ریسرچ لیبارٹری سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے افسران، سائنسدانوں اور تکنیکی عملے سے بات چیت کرتے ہوئے مرکز کی پیداواری صلاحیت، کارکردگی اور کاشتکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
انٹی گریٹڈ مشروم ڈیولپمنٹ سینٹر اعلیٰ معیار کے اسپان اور کمپوسٹ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کسانوں کو تکنیکی رہنمائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور تحقیق اور عملی کاشت کے درمیان ایک موثر رابطے کا کام انجام دے رہا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ کشمیر کے موافق موسمی حالات تجارتی بنیادوں پر مشروم کی کاشت کے لیے نہایت موزوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشروم کی کاشت کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، زرعی کاروبار کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ کسانوں میں مشروم کی کاشت کے فوائد سے متعلق آگاہی مہم تیز کی جائے، تربیتی پروگراموں کو وسعت دی جائے اور بہتر منافع کے لیے مارکیٹ روابط کو مضبوط بنایا جائے۔دورے کے موقع پر جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر اِن پٹس اور جوائنٹ ڈائریکٹر مشروم بھی موجود تھے۔ یہ دورہ محکمہ زراعت کی جانب سے سائنسی بنیادوں پر مشروم کی پیداوار کو فروغ دینے اور ترقی پسند کاشتکاروں کی معاونت کے عزم کا مظہر ہے۔