یواین آئی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ،آج یعنی 10 دسمبر 2023 کو پٹنہ، بہار میں مشرقی علاقائی کونسل کی 26ویں میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ مشرقی علاقائی کونسل میں بہار، مغربی بنگال، اڈیشہ اور جھارکھنڈ کی ریاستیں شامل ہیں۔ بہار سرکار کے تعاون سے وزارت داخلہ، حکومت ہند کے تحت بین ریاستی کونسل سیکریٹریٹ کے زیر اہتمام یہ میٹنگ منعقد کی جا رہی ہے۔ مشرقی علاقائی کونسل کی 26ویں میٹنگ میں ہر ریاست کے دو سینئر وزراء کے ساتھ تمام ممبرریاستوں کے وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔ ریاستی حکومتوں کے چیف سکریٹریز اور دیگر سینئر افسران اور مرکزی حکومت کے سینئر افسران بھی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ریاستوں کی تنظیم نو کے قانون 1956 کی دفعہ 15-22 کے تحت، سال 1957 میں پانچ علاقائی کونسلیں قائم کی گئیں۔ مرکزی وزیر داخلہ ان پانچ علاقائی کونسلوں کے چیئرمین ہیں، جبکہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ایڈمنسٹریٹر/لیفٹیننٹ گورنرمتعلقہ علاقائی کونسل سے اس کیرکن ہوتے ہیں، جن میں سے ایک، ہر سال باری باری وائس چیئرمین ہوتا ہے۔ ہر ریاست سے دو مزید وزراء کو گورنر کونسل کے ممبر کے طور پر نامزد کرتا ہے۔ ہرعلاقائی کونسل نے چیف سیکرٹریز کی سطح پر ایک قائمہ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ مشرقی علاقائی کونسل کی 26ویں میٹنگ کے نائب چیئرمین ہیں۔ ریاستوں کی طرف سے تجویز کردہ مسائل پہلے متعلقہ علاقائی کونسل کی قائمہ کمیٹی کے سامنے بحث کے لیے پیش کیے جاتے ہیں۔ جن مسائل کو باہمی رضامندی سے حل نہیں کیا جا سکتا انہیں علاقائی کونسل کے اجلاس میں بحث کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔